ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس قائدین سے میں قطعاً ناراض نہیں:کمارسوامی

کانگریس قائدین سے میں قطعاً ناراض نہیں:کمارسوامی

Sat, 29 Dec 2018 11:00:43    S.O. News Service

بنگلورو29؍دسمبر(ایس او نیوز)وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا ہے کہ کابینہ کی توسیع اور سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کے لئے تقررات سمیت کسی بھی معاملے میں کانگریس قائدین کے کسی فیصلے پر انہوں نے کوئی نکتہ چینی کی ہے اور نہ ہی ایسی کسی بھی فیصلے کو لے کر وہ ناراض ہیں۔ آج شہر میں گیارھویں بنگلور فلم فیسٹول کے لوگوکا اجراء کرنے کے بعد اپنی ہوم آفس کرشنا میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ میڈیا کے ایک طبقے نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ کابینہ میں توسیع اور سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کے لئے کانگریس پارٹی کے حصے میں آنے والے تقرریو ں پر وہ ناخوش ہیں۔ کمار سوامی نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہاکہ ریاست کے کسی کانگریس رہنما سے ان کو کوئی شکایت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں پارٹیوں کے درمیان مفاہمت کی بنیاد پر کابینہ میں توسیع کی گئی ۔ عنقریب بورڈز اور کارپوریشنوں کے چیرمینوں کے تقرر نامے بھی سرکاری طور پر جاری کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ کا نگریس قیادت نے اپنے وزراء کو قلمدان تقسیم کرنے کے متعلق انہیں سونپا ہے اسی کے مطابق قلمدان الاٹ کرنے کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے مکتوب راج بھون روانہ کردیا گیا ہے۔ دہلی میں ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپااور برطرف وزیر رمیش جارکی ہولی کی ملاقات کے متعلق کمار سوامی نے کہاکہ یڈیورپا جسے چاہیں طلب کرکے بات چیت کریں۔ سرگرم سیاست میں رہنے والے سیاستدانوں کو مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں سے رابطہ رکھنا پڑتا ہے اسے سیاسی نکتۂ نظر سے دیکھنا درست نہیں ۔ بنگلور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے کنٹراکٹروں کو اچانک 100کروڑ روپیوں کی رقم جاری کئے جانے کے متعلق کمار سوامی نے کہاکہ بی ڈی اے کی بورڈ میٹنگ طلب کرکے اس کا جائزہ لیا جائے گا اور جو بھی خامی ہوئی ہے اسے دور کرنے کے لئے قدم اٹھایا جائے گا۔


Share: